بنگلورو26؍مارچ(ایس او نیوز) کل دہلی میں صدر کانگریس راہل گاندھی کی طرف سے اس اعلان پر کہ مرکز میں کانگریس حکومت اقتدار پر آتی ہے تو ملک بھر کے پانچ کروڑ غریب خاندانوں کو ماہانہ چھ ہزار روپیوں کے حساب سے امداد دی جائے گی۔
آج کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی صدر دنیش گنڈو راؤ نے راہل گاندھی کے اعلان کو انقلابی قرار دیا۔ ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی ملک کے غریب عوام کے تئیں کئے گئے وعدے کی پابند رہے گی۔ اس سے انحراف کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ بعض بی جے پی قائدین کے دعوؤں پر کہ راہل گاندھی نے غریب خاندانوں کو سالانہ 72 ہزار روپے دینے کا جو اعلان کیا ہے وہ مرکز کی مودی حکومت کی فلاحی اسکیموں کے ذریعے غریب خاندانوں کو مہیا کر جارہی امداد کے مقابل کم ہے۔ اس پر طنز کرتے ہوئے دنیش گنڈو راؤ نے کہاکہ مودی حکومت کی کوئی ایسی اسکیم نہیں ہے جسے کامیاب قرار دیا جاسکے۔ ہوسکتا ہے کہ ان اسکیموں کی تشہیر کے لئے کروڑوں روپے صرف کئے گئے ہوں ، لیکن عملی طور پر ان میں سے کسی بھی اسکیم کو عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے آگے نہیں بڑھایا گیا۔
انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کی بہت ساری اسکیمیں ایسی ہیں جو پچھلی یو پی اے حکومت نے شروع کی تھیں ، ان کو جاری رکھنے کی بجائے مودی نے ان اسکیموں کے ذریعے تشہیر تو ضرور حاصل کرلی لیکن عوام کو ان کافائدہ نہیں پہنچایا۔ خاص طور پر قومی روزگار ضمانت اسکیم ، اور دیگر ایسی اسکیمیں جو شہروں کی صفائی اور سرکاری اسکیموں کی سہولتیں عوام کوراست طور پر ان کے بینک کھاتوں تک پہنچانے کا سلسلہ یہ تمام کانگریس حکومت کی شروعات ہیں، مودی ان اسکیموں کو اپنے نام سے منسوب کرکے ملک کے عوام کوگمراہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔